۵ آذر ۱۴۰۳ |۲۳ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 25, 2024
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری

حوزه/ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ نے یونان میں اٹلی اور برطانیہ جانے والے تارکین وطن کی کشتی کے حادثے میں غیر ملکیوں سمیت 250 سے زائد پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے یونان میں اٹلی اور برطانیہ جانے والے تارکین وطن کی کشتی کے حادثے میں غیر ملکیوں سمیت 250 سے زائد پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر دلی افسوس اور رنج کا اظہار کیا ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے تعزیتی ومذمتی بیان میں کہا کہ موجودہ ملکی معاشی بحرانی صورت حال کے پیش نظر گذشتہ ایک برس میں کئی لاکھ پاکستانی بالخصوص بے روزگار جوان حصول روز گار اور بہتر وروشن مستقبل کی تلاش میں قانونی و غیر قانونی طریقوں سے مغربی ممالک کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ افسوس ناک بات یہ ہے کہ ہماری نااہل اور نالائق حکومت کے پاس اپنے غیر آئینی اقتدار کو طول دینے کے لئے ہر قسم کے حربے استعمال کرنے کیلئے تو فرصت ہے لیکن قوم کے بے روز گار جوانوں کو باعزت روزگار فراہم کرنے کیلئے کوئی پلان موجود نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی فاشسٹ حکومت نے جہاں سیاسی مخالفین کے خلاف تاریخ کی بدترین انتقامی سیاست کا آغاز کر رکھا ہے وہیں غریب عوام سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے۔ غربت اور بے روزگاری نے عوام کو خودکشیوں پر مجبور کردیا ہے۔ قابل، پڑھے لکھے اور اسکل ورکرز وطن عزیز میں اپنا تاریک معاشی مستقبل دیکھتے ہوئے یہاں سے نکل جانے میں ہی عافیت سمجھ رہے ہیں، اسی خواب کی تکمیل کیلئے ہزاروں شہری زمینی اور بحری پرخطر راستوں پر اپنی جانوں کو تھیلی پر رکھ کر مختلف مغربی ممالک کی جانب ہجرت کرنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔ آئے دن گہرے کھلے سمندروں میں حادثات کا شکار ہونے والے پاکستانیوں کا خون ہمارے ظالم، کرپٹ اور ناہل حکمرانوں کی گردن پر ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے قومی وبین الاقوامی اداروں سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث مافیاز کے خلاف بھی فوری ٹھوس اور مؤثر قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا جو چند پیسوں کی خاطر قیمتی انسانی جانوں کو موت کے منہ میں دھکیل کر دوسرے ملک پہنچانے کا رسک لیتے ہیں۔

انہوں نے یونان میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی تارکین وطن کے اہل خانہ سے دلی افسوس اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے تمام ہلاک شدگان کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .